ایران کی کشتی کے ذریعے اسلحہ اسمگل کرنے کی سازش ناکام

Posted on September 30, 2015



العربیہ ڈاٹ نیٹ
عرب اتحاد کی مسلح افواج نے بدھ کے روز بحیرہ عرب میں سلطنت آف اومان کی بندرگاہ صلالہ کے نزدیک اسلحے سے بھری ایک کشتی پکڑنے کی اطلاع دی ہے۔

العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد کی فورسز نے گذشتہ ہفتے کوعید الاضحیٰ کے تیسرے روز اومان کی ساحلی حدود میں ایران کی اسلحہ اسمگل کرنے کی یہ سازش ناکام بنائی ہے۔

اس کشتی کو بحیرہ عرب میں روک کر چیک کیا گیا تو اس پر راکٹ اور میزائل لدے ہوئے تھے۔کشتی پر لدے ہوئے اسلحہ میں 18 کونکورس شیل ،54 ٹینک شکن میزائل ،15 بیٹری کٹس ،ہتھیاروں کا گائیڈنس نظام اور دوسرا گولہ بارود شامل تھا۔عرب اتحادی فورسز نے کشتی پر سوار چودہ سیلروں کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کشتی سے برآمد کی گئی دستاویزات کے مطابق اس کو ایک ایرانی شہری کے نام پر رجسٹر کیا گیا تھا۔ان سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ یہ کشتی ماہی گیری کے مقاصد کے لیے تیار کی گئی تھی۔فوری طور پر اس کی منزل مقصود کے بارے میں پتا نہیں چل سکا ہے۔