جادوگرسپنر سعید اجمل کی کارکردگی گوروں کوہضم نہ ہوسکی

Posted on May 24, 2014



سابق کپتان مائیکل وان اور براڈنے پاکستانی سٹارکے ایکشن پرتنقیدکردی
لندن(اُردولائن): انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں وورسٹر شائر کی جانب سے ایک میچ میں تیرہ وکٹوں کی فتح گر کارکردگی انگلش کھلاڑیوں کو ہضم نہیں ہو سکی جنہوں نے پاکستانی آف سپنر سعید اجمل پر انگلی اٹھا دی ہے ۔سابق کپتان اورموجودہ مبصر مائیکل وان نے ٹوئٹر پر سعید اجمل کی ایک تصویر پر یہ تبصرہ کیا کہ بازو میں پندرہ ڈگری تک لچک کی اجازت ہے ۔ اس بحث میں شامل ہونے والے سٹورٹ براڈ نے تصویر کے اصلی ہونے پر شک کے اظہار کے باوجود یہ تبصرہ کیا کہ بائولرز لیب میں جانچ کے دوران مختلف انداز سے بائولنگ کرتے ہیں جبکہ میچوں میں وکٹیں لیتے ہوئے ان کا انداز کچھ اور ہوتا ہے ۔ سعید اجمل نے اس الزام کے بعد اپنے ایجنٹ سے کہا ہے کہ وہ پی سی بی اورای سی بی سے رابطہ کر کے اس بیان سے متعلق وضاحت طلب کرے کیونکہ انگلش سنٹرل کنٹریکٹ کے مالک سٹورٹ براڈ قانونی طور پر اپنے کسی ساتھی یا مخالف کھلاڑی کے بارے میں عوامی سطح پر تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں اور ان کی جانب سے اٹھایا گیا اعتراض ان کو تادیبی کارروائی کی مشکلات سے بھی دوچار کرسکتا ہے ۔