MQM Joining PPP Sindh Government ?

Posted on October 25, 2013



MQM Joining PPP Sindh Government ?

ل
کراچی: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدرآصف علی زرداری اور گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادکے درمیان کراچی میں ملاقات کے بعدپیپلزپارٹی اورمتحدہ قومی موومنٹ کی قیادت کے درمیان بیک ڈور چینل کے ذریعہ رابطوں کاآغازہوگیااورپیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ایم کیو ایم کودوبارہ سندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔
تاہم ایم کیو ایم کی قیادت نے واضح کیاہے کہ اس حوالے سے رابطہ کمیٹی کی مشاورت کے بعدکوئی فیصلہ کیاجائیگا،دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے اپنے رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرنے سے روک دیاہے۔پیپلزپارٹی کے اعلیٰ ترین ذرائع کا کہناہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور گورنرعشرت العباد خان کے درمیان کچھ روز قبل بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان موجودہ تعلقات اوربعض امور پر تحفظات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے طے کیاتھا کہ تمام امور کوبات چیت کے ذریعے طے کیا جائے گا،سابق صدرآصف زرداری کی ہدایت پر ہی وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کچھ روز قبل گورنرعشرت العباد خان سے دومرتبہ ملاقات کی اور ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم کے درمیان بعض اموراختلافات ،نئے بلدیاتی نظام ،حلقہ بندیوں اور کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی تھی،سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادکی توسط سے یہ پیغام دیا گیا تھاکہ وہ سندھ میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں،ان ملاقاتوں کے بعدگورنرعشرت العبادنے ایم کیو ایم کی قیادت سے ان امور پر تفصیلی مشاورت کی۔